کراچی۔(اسٹاف رپورٹر ):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کےجلوس میں شرکت کی اور کنٹرول روم میں سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، جام خان شورو، سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو، محمد علی ملکانی ، ریاض حسین شاہ شیرازی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے میمن مسجد پر جشن عید میلاد النبی کے جلوس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو سرور کونین ﷺ کے یوم ولادت کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ آقائے دو جہاں پوری دنیا
کےلیے رحمت بن کر آئے۔آج رحمت اللعالمین کی ولادت کا دن ہے۔آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ سرور کونین ﷺکے نقش قدم پر چلیں گے، اللہ کے دین اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر دین اور دنیا کی کامیابی حاصل کریں گے۔مراد علی شاہ نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم کا ذکر کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو اتنا مضبوط بنادے کہ وہ مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلاسکیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔جلوس کےحوالے سے پہلے بھی وہ کئی اجلاس کرچکے ہیں۔یہاں جلوس میں بھی بھرپور سکیورٹی نظر آئی اور منتظمین بھی سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بعض عناصر جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈہ سے قومی یکجہتی کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں تاہم عوام ان کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے ارشادات کی روشنی میں یہ ملک علاقائی اور عالمی سطح پر ترقی کرے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے میمن مسجد میں انتظامیہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں سے جلوس کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔گزشتہ رات وزیراعلیٰ سندھ نے دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا بھی دورہ کیا تھا۔