کراچی لاہور۔(نمائندہ خصوصی)ملک کے مختلف شہروں سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس برآمد ہوگئے ہیں۔کراچی میں آج 3 مرکزی جلوس نکالے جا رہے ہیں، تینوں جلوس نمائش پہنچیں گے۔کراچی میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سنی تحریک کی ریلی کی قیادت شاداب رضا نقشبندی کر رہے ہیں۔ریلی لیاقت آباد ڈاک خانے سے شروع ہو کر کھارادر چھٹن شاہ کے مزار پر ختم ہو گی۔لاہور میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس فریدیہ مدرسہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی عید میلاد النبیؐ انتہائی جوش و خروش اور مذہبی جذبے کے ساتھر منایا گیا، لوگوں نے نبی کریم ؐ سے محبت کا اظہار بھرپور انداز میں کیا، شہر بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں میلاد النبی ؐکے حوالے سے خصوصی جلوس نکالے گئے، جن میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ جلوس مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی مقامات پر پہنچے، جہاں پر علما کرام نے تقاریر کیں اور لوگوں کو نبی اکرم ؐ کی سیرت اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔جلوس کے راستوں کو خوبصورت جھنڈوں، برقی قمقموں، اور پھولوں سے سجایا گیا تھا۔لاہور کی مشہور مساجد بادشاہی مسجد، داتا دربار، واپڈا ہائوس، پنجاب اسمبلی، پی ٹی وی سمیت دیگر سرکاری و نجی عمارات اور دیگر اہم مذہبی مقامات کو بھی خصوصی طور پر سجایا اور چراغاں کیا گیا تھا۔ رات کو مساجد میں میلاد کی محافل منعقد کی گئیں، جہاں نعت خواں حضرات نے نبی کریمؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔شہر بھر میں چھوٹے بڑے مقامات پر سیرت النبی ۖ کے موضوع پر خصوصی اجتماعات بھی منعقد کیے گئے جبکہ مرکزی تقریب ماڈل ٹائون میں ہوئیں۔ان محافل میں علما کرام نے نبی اکرمؐ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ،لوگوں نے اس دن کی مناسبت سے اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں کو بھی خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے مزین کیا جبکہ کئی علاقوں میں بچے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار ہوکر نعت خوانی کرتے نظر آئے۔ شہر کے بیشتر مقامات پر لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں لوگوں کو کھانا اور نیاز پیش کی گئی۔امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔ شہر بھر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔