کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جشن عید میلا د النبیﷺ کی تمام بہن بھائیوں کو مبارک باد دیتاہوں، آج ہم وطن کے دشمنوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم سب ایک ہیں، آج امت مسلمہ کے اتحاد کی بھی شدید ضرورت ہے۔جاری اعلامیہ کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے میمن مسجد، بولٹن مارکیٹ پر جشن عید میلا دالنبی ﷺ کے مرکزی جلوس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ جب میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے نکلنے والے جلوس میں شامل ہوئے تو لوگوں نے انہیں اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے جلوس میں شرکاءکی نبی پاک ﷺسے والہانہ محبت قابل دید ہے۔ہم سب آقائے دو جہاں کے غلام ہیں اور یہ غلامی ہمارا فخر ہے۔گورنرسندھ نے بولٹن مارکیٹ پر جشن میلا دالنبی ﷺکے سلسلہ میں لگائے گئے مختلف استقبالیہ کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔گورنرسندھ نے سبیل سے اپنے ہاتھوں سے لوگوں کو شربت بھی پلایا۔گورنرسندھ نے لوگوں کے اس اقدام کو بیحد سراہا۔ کیمپوں پر موجود لوگوں کو شاباش بھی دی۔گورنرسندھ نے کہا کہ آج تمام عاشقان رسولﷺ بھرپور جوش و جذبہ سے نکل پڑے ہیں۔ تمام لوگ آقائے دو جہاںﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار بھی کررہے ہیں۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آج ہم سب عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر اور فلسطین کے بھائیوں اور ان کے بچوں کو نہیں بھولیں گے۔گورنرسندھ نے کہا کہ لوگوں کا سہارا بنیں ان کی مدد کریں یہی ہمارے پیارے آقا ﷺ کا ہم سے تقاضہ بھی ہے۔