اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )گورنر گلگت بلتستان کی دعوت پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گلگت بلتستان کے شہر شگر میں خوبانی میلے میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیہی خواتین کو تربیت اور ان میں کام کرنےکی صلاحیت پیدا کرنے کے منصوبوں کے ذریعے بااختیار بنا نے کے اقدام کی ضرورت اور اس کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی۔یہ میلہ خطے کے زرعی ورثے کا ایک متحرک جشن تھا جس میں مقامی طور پر پیدا ہونے والے پھلوں، جڑی بوٹیوں اور فنکارانہ سامان کی متعدد اقسام موجود تھیں۔بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن نے خواتین کسانوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے گلگت بلتستان کے محکمہ خوراک، زراعت اور لائیو سٹاک کے ساتھ اشتراک میں اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ یہ شراکت داری مقامی سطح پر زرعی پیداوار میں اضافے، غربت کے خاتمے اور دیہی خواتین کو بااختیار بناتے ہوئے ایک انقلابی تبدیلی لائے گی۔اس اقدام کے ذریعے بی آئی ایس پی مستحقین زراعت، کاٹیج انڈسٹری اور مقامی پیداواری صلاحیتوں میں تربیت حاصل کریں گے جس سے وہ اپنے معاشی حالات میں بہتری لاتے ہوئے مقامی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے پائیدار روزگار اور خواتین کی معاشی بااختیاری کی اہمیت پر زور دیا ۔یہ مشترکہ اقدام ممکنہ طور پر دیہی خواتین کی صلاحیتوں کونکھارنے اور گلگت بلتستان میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ بی آئی ایس پی پسماندہ طبقات کی مالی معاونت اور سماجی تحفظ کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے۔