اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاوزون تہہ کے تحفظ کےلئے اپنی کوششوں کے جائزہ اور ان کو جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری کے اوزون تہہ کے بچائو کیلئے بین الاقوامی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کیا ۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اوزون تہہ کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اوزون تہہ کو انسانی سرگرمیوں نے شدید متاثر کیا ہے اور اس میں شگاف کا باعث بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوزون تہہ میں شگاف نے انسانوں سمیت کرہ ارض پر موجود ہر جاندار کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، تاہم اقوام متحدہ کے تحت ویانا کنونشن اور مونٹریال پروٹوکول کے ذریعے عالمی کوششوں کے نتیجے میں اوزون تہہ میں شگاف کو کافی حد تک کم کرنے میں کامیابی حوصلہ افزا امر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے اوزون تہہ کے بچائو کیلئے بین الاقوامی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان نے 1992 میں مونٹریال پروٹوکول کی توثیق کی جو اوزون تہہ کو ختم کرنے والے کیمیائی مادوں (او ڈی ایس) کو مرحلہ وار ختم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تب سے پاکستان نے اس حوالے سے نمایاں سنگ میل عبور کئے ہیں، اوزون تہہ کے تحفط کے اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے حکومت پاکستان نے 1996 میں خصوصی طور پر ایک نیشنل اوزون یونٹ (این او یو) قائم کیا۔اس یونٹ کے تحت پاکستان کسٹمز، ریفریجریشن و ایئر کنڈیشننگ انڈسٹری، وزارت تجارت، تکنیکی ماہرین و انجینئرز، درآمد کنندگان اور تاجروں کے ساتھ اپنی مشترکہ کوششوں کے ذریعے مونٹریال پروٹوکول کے گیارہ مراحل کامیابی سے مکمل کئے گئے ہیں۔ پاکستان نے2009 تک اوزون تہہ کو متاثر کرنے والے کیمیائی مادوں کی پہلی قسم کو مرحلہ وار ختم کر دیا ہے اور جنوری 2020 تک ایچ سی ایف سی میں 50 فیصد کمی کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم2025 تک اپنی متعدد صنعتوں کو اوزون دوست ٹیکنالوجیز پر منتقل کرکے 67.5 فیصد کمی کے ہدف کو پورا کرنے کے راہ پر تیزی سے گامزن ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے تئیں ہمارا اجتماعی عزم بھرپور طریقے سے جاری ہے کیونکہ ہم کیگالی ترمیم کے تحت آنے والے ایچ ایف سی فیز ڈائون کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کیلئے جاری مشترکہ اقدامات کیلئے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، اوزون تہہ کے تحفظ کے لیے ہماری اجتماعی کوششیں ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہماری ذمہ داری اور پائیدار ترقی کے لیے ہمارے جذبہ کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیر اعظم نے زور دیا کہ آئیں ہم رواں سال کے موضوع ’’ مونٹریال پروٹوکول ۔ایڈوانسنگ کلائمیٹ ایکشنز‘‘کے تحت آئندہ نسلوں کیلئے کرہ ارض کی حفاظت کی خاطر اپنی متحدہ کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم کریں۔