اسلام آباد۔چین میں عالمی تجارتی کانفرنس میں پاکستان سے 150 مختلف کاروباری مندوبین شرکت کر رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کے جون کے دورہ چین کے مثبت اور واضح اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے عالمی تجارتی میلے سے وڈیو لنک پر خطاب کیا۔وفاقی وزرا ء نے کہا کہ چین اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں،مستقبل میں دو طرفہ تعاون مزید بڑھے گا۔جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی وزرات تجارت بزنس کمیونٹی کے ساتھ مکمل طور پر "آن بورڈ” ہے،پاکستان اور چین کے مابین تجارتی حجم کو مزید بڑھائیں گے،اس کانفرنس سے مستقبل میں پاک چین تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں فضاء ساز گار،اچھے نتائج سامنے آئیں گے،چین سے صنعتوں کی منتقلی خوش آئند،کاروباری برادری کو فائدہ پہنچے گا،چین کی انٹرنیشنل کانفرنس میں پاکستان کی بھر پور نمائندگی حوصلہ افزا امر ہے۔وزارت تجارت کی ہدایت پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ نے تجارتی وفود کی بھر پور میزبانی کی ،وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر سفارتی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔