اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام ہاتھ سے بنے قالینوں کی تین روزہ 40ویں عالمی نمائش 9سے 11اکتوبر تک لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے عالمی نمائش کے حوالہ سے کہا ہے کہ عالمی نمائش میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز اپنے سٹالز لگائیں گے جس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔عالمی نمائش میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد غیر ملکی خریدار شریک ہوں گے ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی مشاورت سے حتمی فہرست کو مرتب کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں پہلی مرتبہ انٹر نیشنل کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں اہم غیر ملکی مندوبین ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت اور خصوصاًبرآمدات کے حوالے سے خطابات اور اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔عالمی نمائش کی موثر اور جدید تقاضوں کے مطابق تشہیر کیلئے این سی اے سے اشتراک کیا گیا ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔عثمان اشرف نے بتایا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ افراد کی عالمی نمائش سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور تخمینے کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال زیادہ برآمدی سودے ہوں گے جس سے ایک طرف ہماری صنعت کی سانسیں بحال ہوں گی وہیں ملک کے لئے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے گا ۔ ہم عالمی نمائش کو مستقبل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جس کے تحت پاکستان آنے والے غیر ملکی خریداروں سے طویل المدت بنیادوں پر رابطوں کو استوار کرنے کے لئے دو طرفہ ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ہمیں ہرطرح کی معاونت فراہم کی جارہی ہے جس سے نمائش کی تیاریوں میں بڑی مدد ملی ہے ، دیگر متعلقہ اداروں سے بھی اپیل ہے کہ عالمی نمائش کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے اور بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کوپابند کیا جائے کہ وہ ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کریں تاکہ غیر ملکی خریداروں کو سفر میں کسی طرح کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ متوقع طو رپر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نمائش کا افتتاح کریں گے جبکہ گورنر پنجاب کی جانب سے ماضی کی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا جس سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔