اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام سے مبینہ روابط پر تجارتی اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی فیصلے کو متعصبانہ اور سیاسی محرک قرار دیتا ہے۔پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے مبینہ روابط پر تجارتی اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے امریکی فیصلے کے بارے میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تجارتی اداروں کی اسی طرح کی فہرستیں محض شکوک و شبہات پر بنائی گئی تھیں، ان میں ایسی اشیا شامل تھیں جو کسی بھی ایکسپورٹ کنٹرول ریجیم کی جانب سے فہرست میں شامل نہیں تھیں اور پھر بھی انہیں وسیع اور سخت شقوں کے تحت حساس سمجھا جاتا تھا۔یہ بات سب کو معلوم ہے کہ کچھ ممالک نے جوہری عدم پھیلائو کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ ریاستوں کو جدید فوجی ٹیکنالوجی کے لیے لائسنسنگ کی شرائط آسانی سے ختم کر دی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے دوہرے معیار اور امتیازی طرز عمل عالمی عدم پھیلائو حکومتوں کی ساکھ کو کمزور کرتے ہیں، فوجی عدم مساوات میں اضافہ کرتے ہیں اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔