اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیئے ،ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے،معاشی استحکام کے تسلسل اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے،ملکی ترقی کیلئے سب کو ایک مرتبہ پھر سے اکٹھا ہونا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہفتہ کو ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے،پارلیمان کے تقدس کو قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو،قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہئے ۔وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے،معاشی استحکام کے تسلسل اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے،ملک دشمن عناصر پوری کوشش کرتے رہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور انکے ناپاک عزائم کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ
آئینی اداروں اور غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی، محمد نواز شریف، بے نظیر بھٹو شہید کی قیادت میں میثاقِ جمہوریت ہوا،میثاقِ جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کیلئے روک دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے سب کو ایک مرتبہ پھر سے اکٹھا ہونا ہے،سیاست ہوتی رہے گی، ملک کو بچانے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 سے پہلے محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا،سوچی سمجھی سازش سے انہیں سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی گھناؤنی سازش کی گئی ،یہ سازش پاکستان اور پاکستان کی عوام کو بہت مہنگی پڑی۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین برس تک پاکستان میں ایک نااہل حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت نے جب ہمیں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا ذمہ سونپا تو تاریخ گواہ ہے اس ملک کے مفاد کیلئے سب جماعتیں نے مل کر اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا۔آج اللہ کے فضل وکرم سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے،مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع میسر ہونگے اور برآمدات بڑھیں گی،بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور دوست ممالک کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا،ترسیلاتِ زر میں اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے،مگر ابھی اس ملک کی ترقی کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے،آپ آج یہ عہد کریں کہ ملکی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھے کامل یقین ہے کہ پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے مجھ سمیت ہم سب کی کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی،عشائیے میں وفاقی وزراء، پاکستان مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے ارکان پارلیمنٹ شریک تھے۔