اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):اینٹی نارکوٹکس فورس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری 10 کارروائیوں میں 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 419 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 2 افغان باشندوں اور 2 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق لہتراڑ روڈ اسلام آباد پر واقع یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 70 گرام آئس برآمد کی گئی۔واپڈا ٹاؤن پشاور کے قریب گاڑی سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد، کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔مہران ٹاؤن کراچی میں خاتون منشیات فروش کے قبضے سے 50 گرام ہیروئن اور 16 گرام آئس جبکہ کورنگی روڈ کراچی پر خاتون منشیات فروش سے 40 گرام ہیروئن، 80 گرام آئس اور 278 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کا تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروشی کا اعتراف کیا ہے۔دیگر کارروائیوں میں العباس چوک قصور کے قریب ملزم سے 3.6 کلو گرام چرس اور 3.6 کلو گرام افیون برآمد کی گئی، راوی موٹروے ٹول پلازہ لاہور کے قریب گاڑی سے 14 کلوگرام ہیروئن اور 2 کلوگرام آئس برآمد کر کے2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مہران ٹاؤن کراچی میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 9.8 کلو گرام آئس اور دبئی ہوٹل کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 8 کلوگرام آئس برآمد، 2 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔اسی طرح سربندر گوادر میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 270 کلوگرام مائع آئس اور چاغی کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 100 کلوگرام افیون اور 5 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔