اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پنک ربن پاکستان نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق پورے ایشیا ء میں پاکستان میں بریسٹ کینسر کا سب سے زیادہ پھیلاؤ ہے جہاں 10 ملین سے زائد خواتین کو بریسٹ کینسر کا خطرہ لاحق ہے جبکہ پاکستان میں ہر سال 40 ہزار سے زائد خواتین اس مرض سے ہلاک ہو جاتی ہیں۔چھاتی کے کینسر کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ایچ ای سی اور پنک ربن پاکستان ملک بھر میں چھاتی کے کینسر کی روک تھام، جلد تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اکتوبر کا پورا مہینہ ‘PINKtober’ کے نام سے منائیں گے۔ یونیورسٹی کے طلباء کو بریسٹ کینسر سے آگاہ کرنے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ نوجوانوں کو متحرک کرنے اور معاشرے میں اس بات کو پھیلانے کے لئے مشعل بردار بننے میں ان کی مدد کرنے کی مہم کے ایک حصے کے طور پر تعلیمی اداروں میں وسیع پیمانے پر بیداری کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ایچ ای سی پاکستان میں ہر ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کو بریسٹ کینسر کی تباہ کاریوں سے بچانے کی خواہش رکھتا ہے اور ہر ایک پر زور دیتا ہے کہ وہ اس مہلک بیماری کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن (ناہی) کی منیجنگ ڈائریکٹر نور آمنہ ملک اور پنک ربن پاکستان کے سی ای او عمر آفتاب نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیمی اداروں کو شامل کرکے ہم اس بیماری سے جڑے بدنما داغ کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں اور آگاہی اور بچاؤ کے کلچر کو فروغ دے سکتے ہیں۔نور آمنہ ملک نے اس شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں چھاتی کے کینسر کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور ہمارے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے لئے بیداری کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کرنا ضروری ہے۔اس ایم او یو کے ذریعے ہمارا مقصد طلباء، فیکلٹی اور کمیونٹیز کو اس بیماری سے لڑنے کے لئے درکار علم سے آراستہ کرنا ہے۔ پنک ربن پاکستان نے اپنے اپنے شہروں میں ہیڈ آفس اور علاقائی دفاتر دونوں میں ایچ ای سی کے عملے کو چھاتی کے کینسر کی تشخیص اور علاج میں معاونت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ پنک ربن ہسپتال لاہور میں ایچ ای سی کے عملے کو بھی تمام خدمات دستیاب ہوں گی۔پنک ربن ایچ ای سی کے عملے کو ضرورت پڑنے پر انتہائی سبسڈی والی کیموتھراپی فراہم کرے گا۔ اس اقدام میں فیکلٹی ممبران کے لئے احتیاطی آگاہی کے سیشن، طلبہ کے لئے آگاہی ورکشاپس اور ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی مواد کی تقسیم شامل ہوگی۔ یہ شراکت داری پاکستان کو چھاتی کے کینسر سے پاک معاشرہ بنانے کے مشترکہ وژن کے ساتھ کمیونٹی کی صحت اور بہبود کے لئے دونوں اداروں کے عزم کو واضح کرتی ہے۔