لاہور(نمائندہ خصوصی )محکمہ ٹرانسپورٹ کا سموگ کے تدارک کیلئے ماہ اگست سے شروع ہونیوالا گرینڈ آپریشن جاری ہے جس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق اس مہم کیلئے ہدایت وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے دی تھی جو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری پی ٹی اے فیصل سلطان کی زیر نگرانی جاری ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے جاری انسداد سموگ مہم پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے احمد جاوید قاضی سمیت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے تمام متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا ہے اور بغیر کسی دبائو کے مہم جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری پی ٹی اے فیصل سلطان کی جانب سے یکم تا 12 ستمبر تک کی گئی کارروائیوں پر رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق گزشتہ 12 روز میں انسداد سموگ مہم کے تحت 29521 گاڑیوں کا معائنہ کر کے تقریبا ساڑھے 14 سو سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا چالان اور 435کو ضبط کیا گیا۔فٹنس سرٹیفیکیٹ کے بغیر چلنے والی تقریبا13 سو گاڑیوں کا چالان بھی کیا گیا ہے اور 12 روز کی کارروائی میں 40 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمد جاوید قاضی نے تمام متعلقہ افسران اور آرٹی ایز کو فیلڈ میں رہنے اور کی جانیوالی کارروائیوں کی رپورٹ روز کی بنیاد پر بھیجنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔