کراچی(کرائم رپورٹر)سہراب گوٹھ پولیس نے ٹیکنکل وسائل و خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کاروائی کے دوران تعلیمی درسگاہوں میں منشیات فروخت کرنے والے افغانی گینگ کے دو کارندوں کو کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن،افہیم اور آئس سمیت گرفتار کرلیا تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس نے جھنگ آباد،افغان کوچی کیمپ میں خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے تعلیمی درسگاہوں میں منشیات فروشی کرنے والے افغانی گینگ کے دو ارکان اسماعیل خان اور محمد داؤد کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ڈیڑھ کلو گرام ہیروئن،آدھا کلو گرام افہیم اور بھاری مقدار میں آئس برآمد کر لی،ایس ایس پی ضلع شرقی سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ملزمان خواتین کی مدد سے کالج و یونیورسٹیوں میں منشیات فروشی کرتے تھے
جنہیں سہراب گوٹھ پولیس نے ٹیکنکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کاروائی کے نتیجے میں گرفتار کیا جبکہ ملزمان کی خاتون ساتھی کاروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان گڈاپ افغان کوچی کیمپ سے سہراب گوٹھ میں منشیات سپلائی کرنے پہنچے تھے جہاں خفیہ اطلاع پر موجود پولیس نے ملزمان کو بھاری مقدار میں ہیروئن،افہیم،اور آئس سمیت گرفتار کرلیا،ملزمان سے برآمد منشیات کی مالیت بین الاقوامی سطح پر کروڑوں روپے ہے جو کہ ملزمان کا خواتین پر مشتمل گروہ تعلیمی درسگاہوں میں فروخت کر کے طلبہ و طلبات کا مستقبل تاریک کرتا تھا تاہم پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے