اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے ملک بھر کے 115 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے۔ جمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ مہم کے تیسرے روز تک تقریباً 1 کروڑ 73 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔وفاق اور صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کیلئے ایمر جنسی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، جولائی اور اگست میں پولیو پروگرام کا ازسر نو جائزہ لیا ہے۔ عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ہائی رسک ایریاز میں وفاق اور صوبوں نے موثر پالیسی تشکیل دی ہے، آئندہ چند ماہ میں 3 سے 4 اعلیٰ معیار کی مہمات پولیو کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔وائرس کی روک تھام کیلئے بھر پور عملی اقدامات جاری ہیں۔پولیو ورکرز بچوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے آپ کی دہلیز پر آتے ہیں۔والدین ان سے بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے اصلی ہیروز ہیں جو مشکل حالات میں ہمارے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پر عزم ہیں، ان کی خدمات کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔