اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پرامن تعلقات کو فروغ دینے، مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنانے سلامتی، ماحولیاتی تحفظ اور وسائل کے پائیدار انتظام کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت کے لئے میری ٹائم سکیورٹی اہمیت کی حامل ہے۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں انٹرنیشنل میری ٹائم بزنس اینڈ فنانس کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنیگویز سمیت ملکی اور غیرملکی مندوبین شرکت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری ٹائم افیئرز سے متعلق سب کے مفادات مشترک ہیں، پاکستان کی بلیو اکانومی عالمی سطح پر اہم کردار اداکرسکتی ہے، حکومت ماہی گیری کے شعبہ کو جدید تقاضوں سے اہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے میری ٹائم سیفٹی اور ماحولیاتی پائیداری کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم پر زور دیا۔انہوں نے معاشی ترقی کے ایک اہم ستون کے طور پر متحرک بلیو اکانومی کے لیے پاکستان کی ترجیحات اور اقتصادی ترقی، ملازمتوں کی تخلیق اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کا خاکہ پیش کیا۔ نائب وزیر اعظم نے ماہی
گیری اور بحری تجارت کو بڑھانے کے لیے ساحلی سیاحت کو فروغ دینے اور ”آف شور“ گیس اور پٹرولیم کے وسائل کی تلاش کے لئے پاکستان کی اہمیت کی بھی وضاحت کی۔محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دو ر حاضر کے تقاضوں کے مطابق میری ٹائم کانفرنس کا انعقاد بہت ضروری تھا۔ نائب وزیراعظم نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین اور مہمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت ماہی گیری کے شعبہ کو خاص اہمیت حاصل ہے، ماہی گیری کے لئے بیچ اور خوراک کا درست طریقہ کار کے تحت انتظام ضروری ہے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ جہازسازی کی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا ضروری ہے۔میری ٹائم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلیو اکانومی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ بحری امور میں جدید رجحانات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔نائب وزیراعظم نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پروزارت بحری امور کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سمندر ی ترقی کے لئے عالمی شراکت داری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی میں پاکستان کا مقصد علاقائی ترسیل کا مرکز بننا ہے۔ پاکستان کی بلیو اکانومی عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرسکتی ہے نائب وزیراعظم نے شرکا کو اس بات سے آگاہ کیا میری ٹائم انڈسٹری کی ڈی کاربنائزیشن جاری ہے جبکہ مستقبل میں پاکستان میں بندرگاہوں پر نمایاں ترقی دیکھنے کو ملے گی۔