لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آج بھی دہشتگردوں کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل استعمال ہو رہے ہیں، میں بہت عرصے سے کہہ رہا تھا کہ ان دہشتگردوں کی سہولت کاری ہو رہی ہے۔وہ جمعرات کو یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔جاوید لطیف نے کہا کہ آج پاکستان اسلامی ریاست ہونے کے ناطے دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہے جو عالمی سازشوں کے گرداب میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی سی پیک منصوبہ بند کرنے کے لیے عالمی دبائو آتا ہے تو کبھی گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل کرنے سے روکا جاتا ہے کیونکہ منفی سوچ کی حامل عالمی قوتیں کسی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں کرپشن کی انتہا کر دی،اس نے اتنے قرضے لئے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا،آج بھی ایک صوبے میں ملک کے وسائل اور مشینری استعمال ہو رہی ہے،جتنے بھی دہشت گرد انہوں نے چھوڑے تھے آج ان کیلئے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج منفی سوچ کی حامل قوتوں نے ملکی معیشت اور ہمارے معاشرے دونوں کو اپنے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے ۔جاوید لطیف نے کہاکہ دنیا بھرمیں جہاں جمہوریت ہے وہاں کسی نے نہیں سنا ہو گا کہ ریاست کا کوئی صوبہ اس ریاست کے خلاف سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری لے کر ریاست پر چڑھ دوڑے اور ریاست اس صوبے کو معاف کردے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ بار بار ہوا ہے ۔آج بھی باغیوں کوسہولت میسر ہے اور حیرت ہے کہ ناکام بغاوتوں کے باوجود ان کو ابھی تک کچلا نہیں گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک اسرائیلی جریدے میں ایک مضمون شائع ہوا جس میں کہا گیا کہ عمران خان کے آنے سے پاکستان اور ہمارے ازلی دشمن اسرائیل کے فاصلے ختم ہوسکتے ہیں جس کے بعد دنیا بھر کے اخبارات نے اس موقف کی نہ صرف تائید کی بلکہ اسے پروموٹ بھی کیااور اس بیانیے کو طوالت دی۔