اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بینک دولتِ پاکستان نے رواں سال جنوری میں نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کے لئے آرٹ کے مقابلے کے اعلان کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا تھا۔ آرٹ مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین ضابطہ عمل کے مطابق ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں عوام کو شامل کرنا تھا۔مقامی فنکاروں کی جانب سے جمع کرائے گئے ڈیزائنوں کا جائزہ معزز ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا اور اس مقابلے کی فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا۔آرٹ کے مقابلے کے ان نتائج کے اعلان کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ کے طور پر تعبیر کیا گیا تاہم آرٹ مقابلے کے نتائج کا اعلان کرنے کا مقصد محض فنکاروں کی کوششوں کو سراہنا اور انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا فاتح قرار پانے والے ڈیزائنوں میں سے ایک میں مذہبی تنوع کی عکاسی کرتے ہوئے اور ملک میں موجود مختلف مذاہب کو اجاگر کیا گیا ۔ بعض عوامی حلقوں نے اسے غلط طور پر ایک خاص مذہب کو نمایاں کرنے کی کوشش کے طور پر بیان کیا۔ آرٹ کمیٹی نے فاتح ڈیزائن کا انتخاب محض اس کے فنی معیار اور مذہبی تنوع کے موضوع کی بنیاد پر کیا ہے اور اس کا کوئی خاص مقصد نہیں۔یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ جن بینک نوٹ ڈیزائنوں کو آرٹ مقابلے میں فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لئے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں ہیں۔ مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کردہ معروف بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن کئے جا رہے ہیں۔یہ کمپنیاں رواں سال دسمبر تک نئے ڈیزائنز کے لئے اپنی تجاویز پیش کریں گی اور سٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری 2025 تک حتمی منظوری کے لئے وفاقی حکومت کو پیش کئے جائیں گے۔ سٹیٹ بینک وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع کرے گا۔