اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آقا ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہوئے معاشرے میں مثالی کردار ادا کرنا ہو گا، ہم صرف زبان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں مگر نبی پاکﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہوتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں منعقدہ میلاد مصطفی ﷺ کی خوبصورت محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلاد میں وزارت منصوبہ بندی کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ محفل میلاد میں نبی کریم ﷺ پر درود و سلام ،نعتیں اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملک میں امن، خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔–وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عید میلاد النبی نبی پاکﷺ کی ولادت کی مناسبت سے منایا جاتا ہے، آپ ﷺ تمام جہانوں اور انسانوں کے لئے رحمت اللعالمین ہیں، ہمیں آقا ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہوئے معاشرے میں مثالی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺپر درود بھیجنا اللہ تعالی فرشتوں اور انسانوں کے درمیان مشترک عمل ہے،ہم محض نام کے مسلمان ہیں ، ہمارے عمل کو دیکھ کر کوئی نہیں کہہ سکتا کہ محمد ﷺ کے امتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بے عملی کی بدولت ایک کروڑ کی آبادی والے اسرائیل نے 2 ارب نفوس پر مبنی امت کو مجبور کر دیا ہے، ہم صرف زبان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں مگر نبی پاکﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہوتے، آج کا ہر مسلمان علم و تحقیق سے دور ہے ، آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ نبی پاک ﷺ کی محبت کے ساتھ ان کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی میں اپنائیں گے ۔