اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحی کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک پیش کی۔
انہوں نے برادر سعودی عوام کے لئے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک دی۔ وزیراعظم نے کامیاب حج آپریشن پر مبارک دیتے ہوئے حجاج کرام خاص طورپر پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں کا حوالہ دیا جو وقت کے ساتھ بتدریج مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں قائدین نے اپریل 2022 میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی اشتراک عمل سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا جسے سعودی ولی عہد نے قبول کرلیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترک مذہب، تاریخ اور ایک دوسرے کی باہمی حمایت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔