اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے سویڈن اور بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون مزید بہتر بنائیں گے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو سویڈن اور بیلجیئم کے سفراءنے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں سفارتی اسناد پیش کردیں۔سویڈن اور بیلجیئم کے نامزد سفیروں نے اس موقع پر صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفراءپاکستان کے ساتھ باہمی سود مند تعاون مزید بہتر بنائیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیلجیئم پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں۔ صدر مملکت نے سویڈن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں نامزد سفراء کو ایوان صدر پہنچنے پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔