کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں عظیم قائد کے لئے اپنے تاثرات تحریر کئے۔اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکریٹری اور دیگر حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم جرأت،عزم و استقلال جیسی خوبیوں کے حامل تھے، قائد کے اتحاد،یقین محکم اور نظم وضبط کے اصول انتہائی ناگزیر ہیں،قائد ساری زندگی جمہوری اصولوں کی سر بلندی پرکار بند رہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم کے رہنما اصول ہمارا نصب العین ہے،آج پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے،موجودہ حکومت ملک کو قائد کا پاکستان بنانے کیلئے پُر عزم ہے۔وزیراعلی سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بانی پاکستان کی 76ویں برسی پر مزار قائد پر حاضر ہوا ہوں،آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ قائد کا خواب پورا کریں،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائد کے وژن کو تقویت دی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ملک کے خلاف جو اندرونی سازشیں ہو رہی ہیں ان کو اتحاد کے ساتھ ختم کریں گے۔