اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ باصلاحیت نوجوان ہیں، پاکستان میں کھیل کے میدانو کو آباد کرنا حکومت کی ترجیح ہے، مکس مارشل آرٹس شعبہ میں حکومت پاکستان فیڈریشن سے مکمل تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مکس مارشل آرٹس فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر پاکستان مکس مارشل آرٹس فیڈریشن عمر احمد، چمپیئنز ایمان خان، بانو بٹ، بریو کامبیٹ فیڈریشن ونرز رضوان علی، ضیاء مشوانی اور اسماعیل خان شامل تھےاس موقع پر وفاقی وزیر طلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹررز رومینہ خورشید عالم، بدر شہباز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ پاکستان کے با صلاحیت نوجوان ہیں، انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس فیڈریشن ایشیئن چیمپئن شپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے 12 میڈل جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا،میری بھرپور خواہش ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی یونہی عالمی سطح پر مقابلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں، آپ سب کھلاڑیوں سے مل کر دلی خوشی ہوئی، آپ پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، آپ سب کی صلاحیتوں کو دیکھ کر اطمینان ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مکس مارشل آرٹس کے شعبے میں حکومت پاکستان فیڈریشن سے مکمل تعاون کرے گی، پاکستان میں کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خادم پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پاکستان سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ، کھیلوں کے مقابلوں اور کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے شفافیت یقینی بنانے جیسے اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیرِ اعظم میں اپنا یہ فرض سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے، مکس مارشل آرٹس فیڈریشن کا پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد قابلِ ستائش ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو حال ہی میں فیڈریشن اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تعاون سے منعقدہ مکس مارشل آرٹس کے بین الاقوامی مقابلوں کے بارے آگاہ کیا گیا جن میں 18 ممالک سے 300 اتھلیٹس نے حصہ لیا، پاکستانی اتھلیٹس نے 4 سلور میڈلز بھی حاصل کئے جبکہ پاکستان کی دو خواتین فائٹرز نے گولڈ میڈلز جیتے۔گولڈ میڈلز جیتنے والی کھلاڑیوں میں ایمان خان اور بانو بٹ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے وزیراعظم کو اپنی اپنی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ وزیر اعظم کو مکس مارشل آرٹس کے شعبے کی ترقی کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو تجاویز پر غور اور مشاورت کرکے جلد عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔