اسلام آباد،(نمائندہ خصوصی) رائل سعودی نیول فورسز (RSNF) کے وفد نے نئے قائم ہونے والے RSNF میری ٹائم کمپوننٹ کمانڈر کموڈور عثمان عقاب الزہرانی کی سربراہی میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF 150) کے موجودہ کمانڈر کموڈور عاصم سہیل ملک سے منامہ، بحرین میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بحیرہ عرب میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے CTF 150 کے آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران، دونوں کمانڈروں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا اور خطے میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے CTF-150 اور RSNF میری ٹائم کمپوننٹ کمانڈ کے درمیان تعاون کے ممکنہ مواقع پر گفتگو کی ۔ انہوں نے علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیتے ہوئے دونوں بحری افواج کے درمیان بہترین تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آپریشنز پر ایک جامع بریفنگ کے بعد، سعودی بحری افواج کے وفد نے پاکستان بحریہ کی پوری ٹیم کے ساتھ جو اس وقت CTF 150 کی قیادت کر رہی ہے؛ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف قابل عمل آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔ کموڈور عاصم سہیل ملک نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ CTF-150 کے زیر نگرانی علاقہ؛ دنیا کے چند پیچیدہ اور اہم بین الاقوامی پانیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی ٹیم اس ملٹی نیشنل ٹاسک فورس کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کے لیے کوشاں رہے گی تاکہ اس اہم سمندری خطے میں مضبوط سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستان بحریہ اس علاقے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر بحری افواج کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔پاکستان بحریہ کو اس سے قبل بارہ مرتبہ CTF-150 کو کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ 13ویں بار کمان کی ذمہ داری دراصل پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ یہ دورہ دونوں بحری افواج کے درمیان مضبوط تعلقات اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے سمندری خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔