کراچی،(کامرس رپورٹر ) بینک مکرمہ لمیٹڈ نے ملک بھر میں اپنے سیلف سروس بینکنگ نیٹ ورک کو مؤثر بنانے کے لیےاین سی آرکے چینل پارٹنر ویوٹیک کے ساتھ معاہدہ کیاہے، جس کے تحت بینک اپنی ڈیجیٹل سروسز کی صلاحیتوں اور کسٹمر کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنانے کے لیے این سی آر کی جدید ترین اے ٹی ایم ٹیکنالوجی کو اپنے آپریشنز میں شامل کرے گا۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب بینک مکرمہ لمیٹڈ کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد ماجد خان، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسرفرحان بیگ، کنٹری ہیڈ آف ایڈمنسٹریشن جنید انیس خان اور ہیڈ آف اے ڈی سی اشفاق نوید کے علاوہ این سی آر کارپوریشن کے کنٹری منیجر ہاشم میمن اور ویوٹیک کے جنرل مینجر آفتاب خان شریک تھے۔ اس شراکت داری کے تحت بینک مکرمہ لمیٹڈ کی مختلف برانچس اور آف سائٹ مقامات پر 200 سے زائد جدید ترین این سی آر سیلف سروس اے ٹی ایم مشینوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے بینک مکرمہ لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد ماجد خان کا کہنا تھا کہ، ”یہ شراکت داری ڈیجیٹل بینکنگ چینلز کے ذریعے کسٹمرز کی سہولت میں اضافہ کرنے کے حوالے سے ہمارے وژن میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہے۔“ انہوں نے مزید کہا :” این سی آر اور ویو ٹیک کے تعاون سے بینک مکرمہ لمیٹڈ سیلف سروس بینکنگ انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنا کر صارفین کے لیے اعلیٰ درجے کی کارکردگی اور قابل اعتماد خدمات کو یقینی بنائے گا-"