اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور ملک کی معاشی ترقی کے حقیقی محور ہیں۔ انہوں نے یہ یہ بات یو ایس کموڈٹی فیوچر ٹریڈنگ کمیشن (سی ایف ٹی سی) کے دفتر برائے بین الاقوامی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیون پِکولی سے ملاقات کے دوران کہی۔ چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید ، پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے حکام اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔ملاقات میں زرعی اجناس کی منڈی کے کردار اور پاکستان میں اجناس کی مستقبل کی مارکیٹ کی ترقی، ضابطے اور نگرانی کے سلسلے میں استعداد کار بڑھانے کے تربیتی سیشنز کی جاری سیریز کے لی سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان اورسی ایف ٹی سی کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معیشت میں زراعت بالخصوص ملک کی مجموعی قومی پیداوارمیں میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ جہاں مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کی معیشت میں 2.38 فیصد کی نموہوئی وہیں زراعت اقتصادی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر ابھری ہے اور بڑی فصلوں کی پیداوار میں 6.25 فیصدکا نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور آئی ٹی دونوں شعبوں کا انحصار بڑی حد تک ملکی عوامل پر کارفرما ہیں، ان شعبوں میں صحت مندانہ اور مستقل ترقی قومی معیشت کے لیے اہمیت کا حامل ہے ۔ دونوں شعبوں کی برآمدی صلاحیت سے بھرپوراستفادہ کرنا ضروری ہے۔