اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نوابشاہ کے ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے پھاٹک پر اپنی جان کی بازی لگاتے ہوئے شالیمار ایکسپریس کو بڑے حادثے سے بچانے والے گیٹ کیپر مدد علی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مدد علی نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سینکڑوں لوگوں کی زندگیاں بچا لیں ، مدد علی نے اپنی ذمہ داریوں کو خلوص نیت سے نبھایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مدد علی جمالی کے بے لوث جذبے سے سیکھنے کی ضرورت ہے، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے ۔