اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) سیکریٹری جنرل جمعیت علماء اسلام ، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں بلوچستان کا ایک نمائیندہ سیاسی وفد چین کے ثقافتی تعاون دورے پر روانہ ہوگیا ۔ یہ وفد چین کے صوبہ سچوان میں چینی کونسل برائے فروغ عالمی تجارت ( سی سی پی آئی ٹی ) کی دعوت پر چین ، جنوبی ایشیاء بزنس لیڈرز کانفرنس میں شرکت کرے گا ۔سینیٹ کے سابق چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں صوبہ سچوان کے دارالحکومت چنگ دو جانے والے بلوچستان کے اس وفد میں مکران ڈویژن سے جے یو آئی کے رہنماء مولانا خلیل احمد بلیدی ، گوادر سے نیشنل پارٹی کے رہنما محمد حیاتان اور قلات و کچھی سے مقامی رہنماء نوابزادہ میر پرویز لہڑی شامل ہیں ۔ وفد کے سربراہ مولانا عبدالغفور حیدری کا روانگی کے وقت ائیرپورٹ پر گفتگو میں کہنا تھا کہ چین ، پاکستان کا وہ عظیم دوست اور ہمسائیہ ملک ہے جس سے دوستی ، تعاون اور تعلقات ہمیشہ تعمیری ، مثبت اور ترقی پسند ی کے حامل رہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نہ صرف سب سے بڑی علاقائی طاقت ہونے کے ساتھ عالمی سطح پر ایک موثر ترین قوت کا حامل ملک ہے جس کی ترجیح ہمیشہ امن ، ترقی ، کاروباری ، تجارت اور سرمایہ کاری رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا یہ وفد چائنا کونسل فار پرموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ سچوان کی دعوت پر ہورہا ہے اور اس کے مقاصد میں پاک چین تعلقات کو ثقافتی ، دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ یہ دورہ نہ صرف برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم ہوگا بلکہ اعتماد سازی کو تقویت دینے بدگمانیوں کا تدارک کرنے اور بلوچستان میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے موافق و موزوں ماحول کو تقویت دینے میں بھی معاون ہوگا ۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ چنگ دو میں علاقائی کانفرنس ، نمائش ، سیمینار جیسی مصروفیات کے دوران اس وفد کی چین کی اعلی سطح کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال بھی متوقع ہے ۔ توقع ہے کہ یہ دورہ پاک چین دوستی اور تعلقات کو مزید مستحکم ترین بنانے کی کاوشوں میں معاون ہونے کے ساتھ ایک دوسرے کو سمجھنے اور اعتماد سازی کو تقویت دینے کا باعث بھی ہوگا