لاہور(نمائندہ خصوصی ):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا ہے کہ نو مئی میں ملوث کرداروں کو سزا ملنی چاہیے،اسلام آباد میں پھر ایک ڈرامہ ہونے جا رہاہے،ہمیں جلسے سے نہیں پی ٹی آئی والوں کی کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزیہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک ڈرامہ ہونے جا ر ہا ہے ،مزے کی بات یہ ہے ،جلسہ ملتوی ہونے پر5 ہزار روپے کا ریٹ تھا،خیبرپختونخوا کے لوگوں کو نئے پاکستان کے نام پر ٹیکہ لگا، آج خیبرپختونخوا کے لوگوں کووہاں سے اٹھا کر یہاں لایا جائے گا، اللہ جانے آج جلسے میں شرکت کرنے کا کیا ریٹ ہوگا،ریسکیو 1122 کی گاڑیوں پر سفید سیکٹر لگا کر یہاں لایا اور اس تماشے کے لئے سرکاری وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ارب کے مقروض صوبے کے مقدر میں کیا یہ جلسے جلوس لکھے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ان کو علی امین گنڈاپور ملے ہیں، اگر یہ تماشے اور ڈرامے کرنے ہیں تو کے پی میں ہی کرلو، تماشہ اسلام آباد میں لگانے کی کیا ضرورت ہے،میوزیکل کنسرٹ ہو گا اور چلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کہتے ہیں حقیقی آزادی چاہیے،کس سے چاہیے آپ کو حقیقی آزادی؟ امریکا کے آپ پائوں پڑرہے ہیں،اسٹیبلشمنٹ سے آپ کو بات کرنی ہے، موصوف تاریخ کے انوکھے سیاستدان ہیں، نیب کے نئے قانون سے ریلیف مانگنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کی پہلی درخواست آئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا،آپ ایک سو90 ملین پا ئونڈ کے کیس سے بچ نہیں سکتے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل ایک اخبار میں دیکھا کہ اسرائیلی بھی بانی پی ٹی آئی کی محبت میں مرے چلے جارہے ہیں، کسی کو بھی فتنہ،فساد اور انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی کے جلائو گھیرائو کرنے پر کل بھی اعتراض تھا، آج بھی ہے، ان کا اسلام آباد کا جلسہ صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہے، اس نے جلسے جلسوں سے نہیں عدالتی فیصلوں سے باہر آنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب زمان پارک میں دہشت گردی کروا رہے تھے ،طالبان کے بہت سے لوگ زمان پارک میں نظر آئے جن میں ایک نام اقبال خان کا مجھے یاد ہے جو زمان پارک میں سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سوئی نہیں ہوئی جو بھی جلسہ کرنے آرہے ہیں ان کو قانون کے مطابق آنا ہوگا، حالات خراب کرنے کے علاوہ پی ٹی آئی کو سب کچھ کرنے کی اجازت ہے، انہیںجو ایس او پیز دیئے گئے ہیں ان کو فالو کرنا ہوگا، ہماری دعا ہے کہ سب خیر خیریت سے واپس جائیں۔عظمی بخاری نے دعوی کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کو سیف ہائوس دیئے گئے ہیں ، یہ ریاست کیلئے لمحہ فکریہ ہے، 9 مئی میرا یا مسلم لیگ ن کا ذاتی مسئلہ نہیں،ملکی سلامتی کے خلاف بغاوت ہے، 9 مئی کرنے اور کرانے والوں کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آتے ہی بلدیاتی اداروں پر شب خون مارا تھا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں جلد بلدیاتی انتخابا ت ہوں گے ،۔پنجاب حکومت کے نیوٹریشن پروگرام کے حوالے سے عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کچھ دن قبل ڈی جی خان سے نیوٹریشن اینڈ میل پروگرام کا آغاز کیا، وزیراعلی مریم نواز اس مسئلے پر بہت سنجیدہ تھیں، کچھ لوگوں کو نیوٹریشن اینڈ میل پروگرام پر بھی اعتراض ہورہا ہے، ان کے گند بکھیرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی بیگمات بھی قومی خزانے سے لوٹتی رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سے پہلے ایک وسیم اکرم پلس نام کی شخصیت موجود تھی، آج کل وہ مسٹر بین اور چارلی چپلن کی شکل میں نظر آتے ہیں، ڈی جی خان کے لوگوں کو ان سے کوئی سہولت نہیں ملی۔