اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان اور یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے دشمن کو پسپا کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی، سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 1965ئ کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ "نیوی ڈے” پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ 8 ستمبر1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔