لاہور(نمائندہ خصوصی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ8ستمبر کادن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزپاکستان نیوی ڈے کے موقع پرپیغام دیتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کوسلام پیش کرتے ہیں،پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں پر انہیںخراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ8ستمبر کادن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد دلاتا ہے،1965 اور 1971 میں پاک بحریہ نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے اور اس کے جانبازوں نے جنگ کے دوران سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، دفاع وطن میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، پاکستان نیوی خطے میں باصلاحیت اور متحرک پروفیشنل بحری فورس بن کر ابھری ہے۔