اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے سنگجانی کے علاقے میں خطرناک ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ قبضے میں لے کر ممکنہ دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے جاری خطرے کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت الرٹ کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجتماعات میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگجانی میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس کو ایک مشکوک بیگ ملا۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کرنے پربیگ میں تباہ کن دھماکہ خیز مواد، دستی بم، ڈیٹونیٹرز اور دیگر دھماکہ خیز مواد پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر بلایا گیا اور دھماکہ خیز مواد کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ آپریشن کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیااور پورے شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی پروٹوکول کے ایک حصے کے طور پر اب شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔پولیس حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع 15 پر کال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشنز جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر کی تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔