اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور دفاعی تنصیبات پر حملوں کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے۔اتوار کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت وفاقی دارالحکومت پر حملے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انارکی کے ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔مصدق ملک نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ملک کو سکیورٹی رسک سے بچانے کے لیے ہجوم کو روکنے کا اختیار حاصل ہے۔ قانون سازی کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں آئین میں وضاحت لانے کے لیے ترامیم لازمی ہیں۔