اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی پہلی ترجیح بلوچستان میں امن کا قیام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ہفتہ کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا گیا اور معاملات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک جمہوریت پسند جماعت ہونے کے ناطے مذاکرات اور مشاورت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان کی بہتری کے لیے متعدد بار بات چیت اور مشاورت کی پیشکش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے ماضی میں ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ غیر جمہوری سرگرمیوں میں ملوث رہی، انہوں نے جمہوریت کے اصولوں کے خلاف انتشار کا راستہ اختیار کیا۔