اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت میں گزشتہ تین سالوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ازبکستان کے 33 ویں یوم ازادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نےازبکستان کے ایمبیسڈر ،عوام اور حکومت کو پاکستان کی طرف سے مبارکباد پیش کی،پاکستان ازبکستان کو وسطی ایشیا میں ایک اہم تجارتی پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔جام کمال خان نے کہا کہ ازبکستان وسطی ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کیے، ازبک تاجر دنیا بھر سے اپنی درآمدات کے لیے پاکستانی بندرگاہوں کو تیزی سے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان اور ازبکستان کے
درمیان دو طرفہ تجارت میں گزشتہ تین سالوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ "میڈ ان پاکستان نمائش” جون 2024 میں تاشقند میں منعقد ہوئی جس میں 85 پاکستانی کمپنیوں اور ازبک تاجروں نے شرکت کی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ازبکستان اور پاکستان کی کاروباری برادریوں کو تجارتی تعاون بڑھانے کی دعوت دی ،دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔جام کمال خان نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مسلسل نمو دیکھنے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر تجارت نے دونوں ممالک کے سرکاری حکام اور نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی مصروفیت کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات سینکڑوں سال کی مشترکہ تاریخ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں،ازبکستان اور پاکستان نے تجارتی، صنعتی اور فوجی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ اس موقع پر ازبک سفیر نے کہاکہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت نصف بلین ڈالر تک پہنچ گئی، ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبہ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا –ازبک سفیر نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان 74 دوطرفہ معاہدوں کے تحت اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے ۔ازبکستان کی ایمبیسڈر نے جام کمال خان کا والہانہ استقبال کیا۔جام کمال خان نے ازبکستان کی ایمبیسی کی طرف سے لگائی گئی نمائش کا بھی دورہ کیا۔ازبکستان کے 33ویں انڈیپنڈنس ڈے کے حوالے سے کیک کٹنگ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔