اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تحفظ ختم نبوت ؐ کے معاملے پر پارلیمنٹ کی تاریخی قرارداد کی منظور ی کے 50 سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے ۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ وزیراعظم نے کہاکہ الحمدللہ، آج تحفظ ختم نبوتؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معاملے پر پارلیمنٹ کی متفقہ تاریخی قرارداد کی منظوری کو 50 سال مکمل ہوگئے ہیں جس پر پوری قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے اس تحریک کو پیش کرنے،منظور فرمانے، اسلام اور ہمارے ایمان کے اہم ترین موضوع پر ہر ابہام دور کرنے میں کردار ادا کرنے والے ارکان پارلیمان، علماء کرام، مشائخ عظام،اسلامی سکالرز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ 7ستمبر1974کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے تحفظ ناموس رسالتؐ کا حق ادا کیا۔ عقیدہ ختم نبوتؐ ہمارا ایمان اور جان ہے جس پر سب کچھ قربان ہے۔