کراچی (رپورٹ : مرزا افتخار بیگ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ،محکمہ ثقافت سندھ اور وژنری آرٹ الائنس کے مشترکہ تعاون سے ”Hundred Heroes“ کے عنوان سے آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیاگیا جس میں مصورہ سحر شاہ رضوی نے پاکستان کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی 100نامور شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، آرٹ ایگزیبیشن کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت ، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کیااس موقع پر مصورہ سحر شاہ رضوی ، فرخ شہاب بھی ان کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ سحر شاہ سندھ کی معروف مصورہ ہیں، انہوں نے ہر ایک فن پارے میں سندھی اجرک کا استعمال کیا ہے ، انہوں نے اپنے فن پاروں میں پاکستان سمیت سندھ کے ہیروز کو نمایاں کیا گیا ہے ، آج احمد پرویز آرٹ گیلری میں سندھ کی ثقافت کو جمع کیاگیا ہے، میں تمام نوجوانوں سے کہوں گا کہ انہیں کلچر ایکسچینج پروگرام کرنا چاہئیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں نا اتفاقی پہلے ہی زیادہ ہے اور یہ رنگ پیار کا پیغام پہنچائیں گے، میں سحر شاہ رضوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہم آپ کے ذریعے لوگوں تک امن کا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ سندھ کے نوجوان آرٹسٹوں کو ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے پروموٹ کریں ۔مصورہ سحر شاہ رضوی نے کہاکہ آج جن ہیروز کو یہاں سیلیبرٹ کیا میں اس پر پچھلے پانچ سال سے کام کررہی تھی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں، انہوں نے کہاکہ آنے والی نسلوں کو ان ہیروز کے بارے میں جاننے کا واحد ذریعہ آرٹ ہے ، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان میں تمام ہیروز کو ایک ساتھ پورٹریٹ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ قائداعظم محمد علی جناح، فاطمہ جناح، علامہ اقبال، سرسید احمد خان، ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، عبدالستار ایدھی، میجر عزیز بھٹی(شہید )، ضیاءمحی الدین، عارفہ سیدہ زہرا، سعادت حسن منٹو، فیض احمد فیض، بھلے شاہ، سچل سرمست، پہلی پاکستانی فائٹر پائلٹ مریم مختیار، نصرت فتح علی خان، عابدہ پروین، نورجہاں، الن فقیر، پروین شاکر، جون ایلیا، طلعت حسین، سید صبغت اللہ شاہ راشدی، امداد حسینی، امر جلیل، گلوکارہ نازیہ حسن، جنرل ہوش محمد شیدی قمبرانی، علامہ آئی آئی قاضی، روحی بانو، نوری، ندیم سرور، بھگت سنگھ، ارفع کریم، منیبہ مزاری اور اللہ بخش سومرو سمیت نمائش میں 100ہیروز اور ہیروئنز کے پورٹریٹ رکھے گئے ہیں۔