کراچی (رپورٹ:مرزا افتخار بیگ) یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ منشیات نے ہمارے تعلیمی اداروں کا بھی رخ کر لیا ہے یہ بات گزشتہ روز الائیڈ گرامر اسکولز کے ڈائریکٹر اور ممتاز سماجی رہنما رانا اشفاق رسول نے تنظیم فانوس کے صدر رفیع احمد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے ہماری نئی نسل تباہ و برباد ہو رہی ہے ، منشیات کا تدارک نہ ہونے سے کینسر کی طرح ہماری سوسائٹی میں پھیلتی جارہی ہے۔رانا اشفاق نے تنظیم فانوس کی انسداد منشیات مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تنظیمیں ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، سرکاری اور تعلیمی ادارے منشیات کے خلاف تنظیم فانوس سے بھرپور تعاون کریں۔ اس موقع پر تنظیم کے صدر رفیع احمد نے بتایا کہ ہمارے طلبا وطالبات میں ای سگریٹ اور نیکوٹین پاوچ کا نشہ پھیلتا جارہا ہے۔ رفیع احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم وطن عزیز سے منشیات کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔رانا اشفاق نے تنظیم کے ساتھ ملکر منشیات کے خلاف جدوجہد کرنے کا اعلان بھی کیا۔