اسلام آباد :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن ہماری افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آرمی چیف نے ’ آج ’یوم دفاع پاکستان“ کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی یکجہتی کا جذبہ ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہے، قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے سے سرشار افواج سرحدوں کا تحفظ کر رہی ہیں، معرکہ ستمبر میں افواج کا جرات و بہادری کا مظاہرہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداءہمارے لیے مقدم ہیں، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج نے دہشتگردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے قابو کیا، فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، روایتی دہشتگردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشتگردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔