اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی سربراہی میں آج اسلام آباد میں 1965 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر)رضا محمد خان سیمینار کے مہمان خصوصی تھے جبکہ حریت قیادت اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں 1965 کی جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔مقررین نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان بہادری، محبت اور پاکستان سے عقیدت کی لازوال داستان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 6 ستمبر 1965 کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا لیکن بھارت کو پاکستان کی بہادر افواج اور غیرت مند عوام کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان نہ صرف خطے میں امن و سلامتی لائے گا بلکہ یہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کا ضامن بھی ہے۔آخر میں شہدائے ستمبر کیلئے فاتحہ خوانی، ان کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔