کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کو یہاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ صو بہ میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ بلوچستان شہاب علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور در پیش چیلنجز سے آگاہ کیا،وزیر ا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہصوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے پرعزم ہے ،صو بہ میں بحالی امن کیلئے اقدامات کو موثر بنایا جاررہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ،ہم حق پر کھڑے ہیں دین اسلام کی تعلیمات بھی یہی ہیں کہ شر اور برائی کو روکنے کے اس کا ہر صورت تدارک کیا جائے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع کی فراہمی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے یوتھ پالیسی کا آغاز کیا ہے اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو اخوت پروگرام کے تحت آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لئے صوبے کے قابل نوجوانوں کو دنیا بھر کی 200 معروف یونیورسٹیوں میں مکمل طور فنڈڈ پی ایچ ڈی سکالرشپس آفر کی گئی ہیں ،میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمہ کے لئے پرعزم ہے جس کو موثر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قومیت اور لسانی بنیادوں پر بے گناہ افراد کا قتل قابل مذمت ہےوزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی صورتحال سے متعلق جس انداز سے بریف کیا وہ یقیناً قابل غور ہے ملک دشمن عناصر، مخالف قوتیں اور تخریب کار عناصر اس بات سے خائف ہیں کہ کہیں بلوچستان ترقی کی منازل نہ طے کرلے ہمیں دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور اس کی تمام اکائیاں اور ملک میں بسنے والی اقوام قومی یکجہتی سے ہر طرح کی سازشوں کو ناکام بنائیں گی۔