اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک جمعہ کو میجر عثمان اللہ شہید کے گھر گئے، میجر عثمان اللہ شہید کے لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کوخراج عقیدت پیش کیا۔میجر عثمان اللہ 6 اگست 2015 کو مانسہرہ میں ریسکیو مشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہو گئے تھے ۔میجر عثمان اللہ کی بہادری و خدمات کے اعتراف میں انھیں تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک شہیدوں کی قربانیوں سے چل رہا ہے،آنکھوں میں آنسو ہوں اور سر فخر سے بلند ، یہ آسان بات نہیں۔شہید کے بیٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آپ کے والد کی عظیم قربانی پر ہم سب کو ناز ہے،شہیدوں کا لہو قوم پر قرض ہے ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے میجر عثمان اللہ شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔