لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی رہائش گاہ آمد،شہیدکی والدہ اور بھائیوں سے ملاقات کی۔ترجمان وزیرداخلہ کے مطابق محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ ،بھائیوں عبدالحنان اور عبدالمتین سے اظہار ہمدردی کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی لازوال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیااورشہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کی۔ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی
والدہ اور بھائیوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی بلند حوصلہ والدہ کو دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے شہدائے وطن قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اس موقع پر شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ نے کہا کہ میرا بیٹا اللہ تعالی کی امانت تھا اور اللہ کی رضا پر ہم راضی ہیں۔شہید بیٹے عبدالمعید کی کمی محسوس ہوتی ہے ۔اللہ تعالیٰ خالق و مالک ہے اور میرا بہادر بیٹا اللہ کی حفاظت میں چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے عبدالمعید نے شہادت کا بلند رتبہ پایا اور اللہ تعالیٰ نے اسے بہت عزت دی۔ واضح رہے کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید نے دسمبر 2017 میں شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا تھا۔