اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے یوم دفاع کے موقع پر ملک کے دفاع کے لئے جراٗت اور بہادری کامظاہرہ کرنے والے افواج پاکستان کے جوانوں ، شہدا اور دیگر افراد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔جمعہ کو سماجی رابطےکی ویب سائٹ ایکس پراپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن، میں پوری قوم کے ساتھ یکجا ہو کر افواج پاکستان کے جوانوں، شہدا اور ان تمام لوگوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا میں ہوں جنہوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے بہادری سے جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے جذبے کی تجدید کرتے ہوئے پاکستان کے دفاع اور تعمیر نو کے عہد کا اعادہ کریں اور اپنے قائد محمد علی جناح ؒکے وژن کے مطابق محنت اور دیانت کی اقدار کو اپناتے ہوئے پیارے پاکستان کے روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں ۔