لندن۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاک برطانیہ شراکت داری کو مضبوط بنانے میں 1.7 ملین برطانوی پاکستانیوں کے کردار کو سراہا ہے۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو لارڈ چانسلر اور برطانیہ کی سیکرٹری آف سٹیٹ فار جسٹس شبانہ محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شبانہ محمود اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی مسلم خاتون ہیں۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لارڈ چانسلر شبانہ محمود کو ان کی تاریخی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی تمام مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کے لئے باعث فخر ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ لارڈ چانسلر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے مفاد کے لئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ انہوں نے لارڈ چانسلر کو باہمی طور پر مناسب تاریخ پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔لارڈ چانسلر شبانہ محمود نے تہنیتی پیغام پر نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ متحرک پاکستانی برطانوی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔