اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب جمعہ کو یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں لانس نائیک وقارحسین شاہ شہید کے گھرگئے اوران کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔وزیرخزانہ نے ملک کیلئے وقارحسین شاہ شہید اوردیگرشہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔وزیرخزانہ نے وقارحسین شاہ شہید کے عزم اورحوصلہ کوخراج عقیدت پیش کیا اورشہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعاکی۔انہوں نے شہید کے بچوں کوپیار کیا اور کہاکہ قوم ان کی قربانی کوسدا یادرکھے گی،قوم شہید کی قربانی پران کی مقروض ہے۔وزیر خزانہ نے شہید کی بیوہ ثانیہ نذیر اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور قوم کو شہید وقارحسین شاہ کی بہادری اور قربانی پر بے پناہ فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پورا ملک پاکستان کے لئے جان کی قربانی دینے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تشکر اور یکجہتی کے لئے کھڑا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لئے جرأت اور حب الوطنی کی روشنی کا کام کرتی ہیں، شہید وقار حسین شاہ جیسے ہیروز کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ان کی خدمات کی مقروض ہے۔ محترمہ ثانیہ نذیر نے اپنے بچوں کی پرورش حب الوطنی اور ملک کی خدمت کے جذبے سے کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی فوج کی لازوال طاقت اور اس کے عوام کے جذبے کی یاد دہانی ہیں۔