لندن (نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اورمشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے پاکستان – برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور برطانیہ کی مضبوط شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برٹش پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔رطانوی سیکرٹری خارجہ لیمی نے نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے بطور رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔برطانوی سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں اکتوبر 2024 میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔