اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمااور رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہےکہ 9مئی کے دن جو کچھ کیا گیا ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،بانی پی ٹی آئی کو نو مئی کے واقعات پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے پوری تقریر اداروں کیخلاف کی، ماضی میں ہم نے بہت کچھ برداشت کیا،رات گیارہ بجے مجھے عمر قید کی سزا سنائی گئی، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نو مئی کے واقعات پر قوم سے معافی مانگ لیں تو ان کو معافی مل جائے گی،ان کے اپنے لوگ نہیں چاہتے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں،اس وقت تحریک انصاف کے اندر 14 جماعتیں بنی ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ نو مئی کو دفاعی تنصیبات پر حملے کئے گئے،سازش کامیاب ہوجاتی تو پورا پاکستان ہل کر رہ جاتا، انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد جماعت کو جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی کی برسی پر جو ہوا وہ ناقابل قبول ہے،ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بہت جلد ہمارے ساتھ ہوں گے۔