اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ یورپین انویسٹمنٹ بینک کی موسمیاتی موزونیت، پانی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے ترجیحات پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں یورپین انویسٹمنٹ بینک کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت بینک کے ہیڈ آف ڈویژن برائے ایشیا و بحرالکاہل ایڈورڈ بم سٹیناس کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دورہ اہمیت کاحامل ہے اور اس سے پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک کے درمیان قریبی تعاون کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بینک کی موسمیاتی موزونیت، پانی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے ترجیحات پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ہیں۔ انہوں نے ورسک ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بحالی کے لیے بینک کی جانب سے 50 ملین یورو کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ اس سے پلانٹ کی صلاحیت کو بحال کرنے میں مددملی ہے۔ یورپی انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے ان
منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی جنہیں بین الاقوامی مالیاتی اداروں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے۔وفد نے خاص طور پر پاکستان میں بہت سے اہم اقدامات جیسے این فائیو کو چوڑا کرنے جیسے منصوبوں کو اعانت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہرکی جس کا مقصد خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں اور نقل و حمل کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ مزید برآں وفد نے کراچی میں پانی کی فلٹریشن اور صنعتی پانی کی ری سائیکلنگ کے منصوبوں میں بھی دلچسپی ظاہرکی جو شہری پانی کی فراہمی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اہم ہیں۔وفاقی وزیر نے مشن پر زور دیا کہ وہ نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی اور پاکستان ریلوے کو تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کے امکانات تلاش کریں۔قبل ازیں سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز کی صدارت میں منعقدہ تکنیکی اجلاس کے دوران شریک فنانسنگ کے لیے 12 ممکنہ منصوبوں کی فہرست کا اشتراک کیا گیا اور اس پر طویل بحث کی گئی۔احد خان چیمہ نے امید ظاہر کی کہ بینک پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے ان اہم منصوبوں میں سے کچھ کو فنڈ دینے پر غور کرے گا۔ بینک کے علاقائی سربراہ نے نے مثبت جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ فنڈنگ کے مواقع تلاش کرنے کے لیے وہ ہیڈکوارٹر کے سینئر حکام کے ساتھ ان منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے سفیر کا پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یورپی یونین اور یورپین سرمایہ کاری بینک کے وفد کو پاکستان میں ان کی امداد کے موثر استعمال کو یقینی بنانے میں وزارت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔