اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان کے پسماندہ طبقے کی خدمت کے لیے مذہب، ذات پات یا پس منظر سے قطع نظر پروگرام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ خیبر پختونخوا کے وفد سے ملاقات میں سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کے تحت بی آئی ایس پی اپنے مستحقین کی رجسٹریشن کے لیے ایک سائنسی اور شفاف طریقہ کار اپناتا ہے۔مزید برآں سینیٹر روبینہ خالد نے یقین دلایا کہ بغیر کسی امتیاز کے پروگرام کی پالیسیاں اور طریقہ کار تمام اہل افراد کے لیے فوائد تک یکساں رسائی کو یقینی بناتے ہیں۔قبل ازیں وفد نے رجسٹریشن کے عمل کے دوران اپنی کمیونٹی کے افراد کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے ان خدشات کا فوری طور پر ازالہ کیا اور متعلقہ عملے کو ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کی فراہمی کے ذریعے ان کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔