اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے خاتمے کیلئے مذاکرات بہت اہم ہیں،بانی پی ٹی آئی ایک طرف جمہوریت کے علمبردار بنتے ہیں اور دوسری طرف مذاکرات اسٹیبلشمنٹ سے کرنا چاہتے ہیں۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کرتے ہیں،وہ چاہتے ہیں سب مل بیٹھ کر فیصلے کریں،وہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے مذاکرت کے حق میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کو ختم کرنے کیلئے مذاکرات ہی واحد حل ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لیڈر رہے ہیں،ان کا ادب کرتے ہیں اور ان کے پاس بار بار جائیں گے کہ ہمارا ساتھ دیں،وہ ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں لیکن ہم ان کے ساتھ ضرور ہیں۔